نئی دہلی،4دسمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) ارجن ایوارڈ یافتہ کھلاڑی کے خلاف قومی سطح کی ساتھی شوٹر کی شکایت پر عصمت دری کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس نے آج یہ معلومات دی۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ قومی سطح کی خاتون شوٹر کی شکایت پر چانکیہ پوری پولیس تھانے میں عصمت دری کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔متاثرہ نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ وہ اولمپین ملزم کو گزشتہ دو سال سے جانتی ہے اور وہ سائی شوٹنگ رینج میں قومی چمپئن شپ کی ٹریننگ کے دوران ملے تھے۔متاثرہ نے الزام لگایا کہ ملزم نے اس سے شادی کرنے کا وعدہ کیا اور گزشتہ ماہ اس کے مشروبات میں نشہ آور مادہ ملاکر عصمت دری کی۔افسر نے بتایا کہ متاثرہ کی میڈیکل جانچ میں عصمت دری کی تصدیق ہوئی ہے اور ملزم کو تفتیش سے جڑنے کے لیے کہا گیا ہے۔